لاہور(سی پی پی )قومی ایئرلائن پی آئی اے میں شدید انتظامی بحران پیدا ہوگیا ہے،انتظامی بحران نے عمرے اورحج فلائٹس آپریشن کو خطرے میں ڈال دیا، طارق مجید کوکنٹری منیجرکا چارج دینے کی بجائے سائیڈ لائن لگا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جدہ آفس میں پی آئی اے آفیسرفرحان سمیع اللہ نے گریڈ 7 کے افسر کوخلاف ضابطہ گریڈ9 کے کنٹری منیجرکا چارج دے دیا ہے۔جس کے باعث سعودی عرب میں انتظامیہ میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو کے حکم پرگریڈ9 کے طارق مجید کوکنٹری منیجرکا چارج لینے نہیں دیا جارہا۔ جبکہ طارق مجید کو جدہ آفس میں سائیڈ لائن لگا دیا گیا۔ ذرائع نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں چند روزباقی رہ گئے ہیں۔ عمرہ فلائٹس کا کوئی شیڈول ترتیب نہیں دیا جاسکا۔ عمرہ فلائٹس کا شیڈول ترتیب نہ دیا گیا تو پی آئی اے کی آمدنی کوشدید نقصان پہنچے گا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ فرحان سمیع اللہ کی وجہ سے سعودی عرب میں پی آئی اے مارکیٹنگ کا شعبہ بھی غیرفعال ہے۔ انتظامی بحران کے باعث پی آئی اے سے پروازکرنے کے خواہشمند ملکی اورغیرملکی مسافروں کوشدید مشکلات کاسامنا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ تمام تعیناتیاں میرٹ پرکی جارہی ہیں۔ آپریشن کومعمول کے مطابق چلایا جائے گا۔واضح رہے قومی ایئرلائن کیلئے بجٹ میں ہر سال خطیررقم مختص کی جاتی ہے۔لیکن یہ رقم قومی ایئرلائن کی بہتر کرنے کی بجائے تزئین وآرائش پرخرچ کی جارہی ہے۔ پی آئی اے کی ٹیل سے قومی پرچم کی تصویروالا لوگو ہٹا کر قومی جانور مارخور کی تصویر ڈیزائن کردی گئی۔طیاروں پرتصویر ڈیزائن کرنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کردیے گئے ہیں۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے بھی پی آئی اے کی حالت زار اور مارخور کی تصویر بنانے کا نوٹس لے رکھا ہے۔کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں چل رہی ہے۔