بغداد(این این آئی)عراق کے صوبہ کْردستان کی سرکاری فوج پیشمرگہ نے خبردار کیا ہے کہ کردستان اور بغداد کے درمیان متنازع علاقوں پر شدت پسند گروپ داعش ایک بار پھر فعال ہو رہا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی وفد سے ملاقات میں پیشمرگہ فورس کے وزیر کریم سنجاری نے کہا کہ اربیل اور بغداد کے درمیان متنازع سمجھے جانے والے علاقوں میں داعش ایک بار پھر خود کو منظم کررہی ہے۔
حالیہ دنوں میں داعش کے جنگجوؤں کی ان علاقوں میں غیر معمولی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے۔خیال رہے کہ عراق کے صوبہ کردستان اور بغداد کے درمیان بعض علاقوں کو متنازع خیال کیا جاتا ہے۔ متنازع علاقوں میں وہ مقامات شامل ہیں جنہیں عراقی فوج نے ستمبر2017ء کے دوران کردستان کی علاحدگی کے اعلان کے بعد کارروائی کر کے اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا۔ کردستان ان علاقوں پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔ کریم سنجاری کا اشارہ بھی انہی علاقوں کی جانب تھا۔کرد ذرائع ابلاغ کے مطابق سوموار کے روز پیشمرگہ فورس کے اعلیٰ حکام کا ایک اجلاس بھی ہوا جس میں بعض علاقوں میں داعش کی بڑھتی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔