ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب میں ایسی فرضی ویب سائٹوں کا پتہ چلایا گیا ہے جن کے ذریعے شہریوں اور مقیمین کو ٹیکسٹ میسجز اور ای میلز بھیج کر جعل سازی اور غیر قانونی طور پر رقم بٹورنے کی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ کارروائیاں دنیا کے مختلف ممالک میں موجود افراد کی جانب سے انجام دی جا رہی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بات کا انکشاف سعودی عرب
میں جنرل سکیورٹی کے ادارے نے ایک وارننگ میں کیا۔ ادارے نے مملکت میں تمام لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ ہوشیار رہیں اور ان پیغامات کو جواب نہ دیں اور ان کے بارے میں حکام کو فوری طور پر آگاہ کریں۔سعودی عرب میں سائبر جرائم کو قانون کے تحت قابل سزا عمل شمار کیا جاتا ہے۔ اس کے مرتکب شخص کو جیل یا جرمانہ اور یا پھر دونوں سزاؤں کا سامنا ہو سکتا ہے۔