واشنگٹن(نیوزڈیسک ) ناسا کا میسینجر نامی خلائی جہاز آج عطارد کی سطح سے ٹکرائے گا۔میسینجر نامی خلائی جہاز آج سے 10 سال پہلے 2004 میں خلا چھوڑا گیا تھا ، فیول ختم ہونے کی وجہ سے یہ جہاز آج 8750 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے نظام شمسی کے سب سے پہلے سیارے عطارد کی سطح سے ٹکرائے گا، یہ خلائی جہاز سال 2011 سے عطارد کے مدار میں چکر کاٹ رہا تھا اوراب اس کا فیول ختم ہونے کی وجہ سے ڈرامائی طور پر برطانوی وقت کے مطابق آج رات 8 بج کر 45 منٹ پراپنے مدار سے نکل کر عطارد کی سطح سے ٹکرائے گا۔واشنگٹن کےسائنس مشن ڈائریکٹوریٹ ناسا کے افسر جان گرنس فیلڈ کا کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ہمارے پاس عطارد کے بارے میں حقیقی معلومات موجود ہیں ،جس سے ہمیں عطارد کے مسحور کن ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ملے ہیں ، جب اس خلائی جہاز کا کام ختم ہو جائے گا تب ہم میسینجر کی کامیابی کا جشن منائیں گے.
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں