بیجنگ (آ ئی این پی ) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین فلپائن تعلقات سنہری دور میں داخل ہو گئے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان ا علی سطحی تبادلے مسلسل جاری ہیں، معیشت وتجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے ریاستی کونسلر، چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے دورے پر آئے ہوئے فلپائن کے وزیر خارجہ کایا ٹانو سے بیجنگ میں ملاقات کی۔
کایا ٹانو چین کی نئی حکومت کے قیام کے بعد چین کا دورہ کرنیوالے پہلے وزیر خارجہ ہیں۔ملاقات سے پہلے کایا ٹانو نے چین کے وزیرِ خارجہ کو فلپائن کے صدر کی جانب سے شی جن پنگ کے صدر منتخب ہونے پر تہنیتی خط دیا ۔ فلپائن کے وزیر خارجہ نے چین کی قومی عوامی کانگریس اور عوامی سیاسی مشاورتی کانگریس کے سالانہ اجلاسوں کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔ باہمی ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے نامہ نگاروں سے ملاقات کی۔ وانگ ای نے کہا کہ چین- فلپائن تعلقات سنہری دور میں داخل ہوئے ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان ا علی سطحی تبادلے مسلسل جاری ہیں اور باہمی سیاسی اعتماد کو مضبوط بنایا گیا ہے۔علاوہ ازیں معیشت وتجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ مل رہا ہے ۔ اس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہے-