صنعاء(این این آئی)یمن کے جنوب مغربی شہر تعز میں مقبنہ کے مقام پر یمنی فوج اور ایران نواز حوثی باغیوں کی لڑائی میں 50 حوثی باغی ہلاک اور 60زخمی ہوگئے ۔ حوثی باغیوں کی لاشیں ابھی تک سڑکوں پر بکھری پڑی ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق مقبنہ ڈاریکٹوریٹ میں سرگرم یمنی فوج کے ترجمان کرنل حمد الخلیدی نے بتایا کہ علی الصباح عزلہ الیمن قھبان کے مقام پر حوثی باغیوں اور سرکاری فوج کے درمیان لڑائی شروع ہوئی۔ تبہ الخزان اور
قھبان کے مقام پر ہونے والی لڑائی میں حوثی باغی نہ صرف پسپا ہوگئے بلکہ انہیں بھاری جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا ۔یمن کے فیلڈ ذرائع کا کہنا تھا کہ تعز میں سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں55 حوثی ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے۔کرنل الخلیدی کا کہناتھا کہ حوثی باغیوں کی لاشیں ابھی تک سڑکوں پر بکھری پڑی ہیں۔یمن فوج نے حوثیوں کی کئی گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا۔ خیال رہے کہ یمنی فوج نے عرب اتحادی فوج کی معاونت سے گذشتہ جنوری میں تعزکو باغیوں سے آزاد کرانے کے لیے ایک بڑے فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔