اسلام آباد (این این آئی) بھارت میں پاکستان کے سابق سفیر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اتار چڑھاؤ کا شکار رہے، ہمیں امریکہ سے زیادہ توقعات وابستہ نہیں کرنی چاہئیں، بھارت تیسرے ملک کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہا ہے، عالمی برادری کو بھارت کیخلاف واضح موقف اپنانا چاہئے۔
پیر کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا دورہ امریکہ ذاتی حیثیت میں ہے۔ ہم سیٹو اور سنیٹو میں اپنے مفادات کیلئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ساتھ دیا مگر امریکہ نے کبھی ہمارے مفادا ت کا خیال نہیں رکھا۔ عبدالباسط نے کہا کہ نہیں لگتا کہ مستقبل میں کبھی بھی پاک امریکہ مفادات یکجا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس خطے میں بھارت کو ترجیح دے رہا ہے۔ امریکہ سے پاکستان سے سلوک امتیازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اختلافات اور تضادات کا شکار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایف اے ٹی ایف اجلاس سے چند ماہ قبل ہی اقدامات کرسکتے تھے۔ ہماری خارجہ پالیسی ردعمل پر مرکوز رہی ہے۔ عبدالباسط نے کہا کہ ہم نے کیوں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے سر پر آنے کا انتظار کیا ۔ دفتر خارجہ میں پالیسی اور ویژن کو بہتر بنانے کی بہت ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تیسرے ملک کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہا ہے۔ عالمی برادری کو بھارت کیخلاف واضح موقف اپنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے اعترافات دنیا کے سامنے ہیں۔