قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر میں سرپر کٹنگ کے ذریعے مشہور شخصیات کے چہرے تخلیق کرنے والے مصری حجام کی ملک بھر میں دھوم مچ گئی ،میڈیارپورٹس کے مطابق مصر کے شہر مغاغہ میں حجامت کے پیشے سے وابستہ ولید مکرم کا بیٹا اپنے والد کے کام کے سبب دوستوں میں شرمندگی محسوس کرتا تھا۔ اس نے کئی مرتبہ اپنے والد سے مطالبہ کیا کہ وہ حجامت کا پیشہ ترک کر دیں۔ تاہم جہاں دیدہ والد نے ایک ایسی ترکیب استعمال کی جس نے حجامت کو بیٹے کی نظر میں قابل فخر بنا دیا۔ ولید مکرم اس
وقت مصر کے مشہور ترین حجّام کے طور پر پہچانے جاتے ہیں کیوں کہ وہ مشہور و معروف شخصیات کے چاہنے والوں کے سروں پر حجامت کے ذریعے اْن کی محبوب شخصیات کی تصاویر تخلیق دیتے ہیں۔ولید مکرم نے اپنی اس جدّت طرازی کی ابتدا جن شخصیات کی تصاویر بنا کر کی ان میں عراقی گلوکار کاظم الساہر ، عرب دنیا کی ملکہ ترنم مصری گلوکارہ ام کلثوم اور مزاحیہ مصری اداکار احمد حلمی کے علاوہ برطانوی کلب لیورپول کے لیے کھیلنے والے بین الاقوامی مصری کھلاڑی محمد صلاح نمایاں ترین ہیں۔