گوادر (مانیٹرنگ + نیوز ایجنسی) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی علم کے حصول میں مضمر ہے۔ تعلیم کے فروغ کے لیے پاک فوج اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گوادر میں جی ڈی اے سکول میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آوران میں کیڈٹ کالج تعمیر کیا جا رہا ہے، تربت اور گوادر میں بھی کیڈٹ کالج قائم کریں گے۔ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی بہت قریب ہے،
تجارتی جہازوں کی آمد و رفت شروع ہونے والی ہے۔ جشن سبی میلہ مویشیاں و اسپاں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم نے کہا کہ فورسز کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہو چکا ہے، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اپنے بچوں کا مستقبل سنوارنے کے لیے غیور عوام قلم کو ہتھیار بنا کر امن خوشحالی، ترقی اور ملک و قوم کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کا مستقبل ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں میں کھیل کر برباد نہ کیا جائے۔