ابو ظہبی( آن لائن ) متحدہ عرب امارات کے صدر مقام ابوظہبی میں درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔اماراتی میڈیا کے مطابق ابوظہبی کی مصروف شاہراہ شیخ محمد بن زید پر شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے سے خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں 44 گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں اور ان میں سوار متعدد افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ابوظہبی پولیس اور ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ کچھ کو کم نوعیت کے زخم آئے جنہیں طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔حادثے کے بعد متاثرہ مقام کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا اور شہریوں کو متبادل روٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے حدِ نگاہ میں کمی کے باعث کارسواروں کو احتیاط کے پیشِ نظر رفتار کم رکھنے اور لائٹس چلانے کی ہدایت بھی کی ہے۔