اسلام آباد ( نیوزڈیسک) دہلی کے سر گنگا رام ہسپتال میں 45سالہ شخص کے حیران کن طور پر بڑے گردے تبدیل کر دیئے گئے۔ مریض کے ایک گردے کا وزن 2.7کلو گرام اور دوسرے کا 2.5کلو گرام تھا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کا سائز کسی بھی نوزائیدہ بچے سے زیادہ تھا،اس کے گردوں کا وزن اور سائز ” آٹو سومل ڈومینینٹ پہلی سائیٹک کڈنی“ نامی موروثی بیماری کے باعث بڑھا۔اس سے قبل بھارت ہی کے ایک شخص کے گردے کا وزن 2.1کلو گرام ریکارڈ کیا گیا تھا۔ کسی بھی نارمل انسان میں گردے کا وزن 125سے 170گرام کے درمیان ہوتا ہے۔مریض کو کو شدید بخار اور پیشاب میں خون آنے کے باعث ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں ٹیسٹ کیے گئے تو اس کے گردوں کا وزن حیران کن نکلا جنہیں بعد ازاں آپریشن کے ذریعے تبدیل کر دیا گیا۔ آپریشن کرنے والے ڈاکٹر بھرگو کا کہنا تھا کہ مریض کے گردوں کا وزن نارمل انسان سے 20گنا زیادہ تھا اور اس کے گردے سینے میں بری طرف پھنسے ہوئے تھے۔