ماسکو (این این آئی)روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ نیٹو کو چاہئے کہ وہ افغانستان میں منشیات کے خلاف مہم پر توجہ دے۔روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ماسکو میں منشیات کے خلاف مہم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امید کی جا رہی تھی کہ نیٹو افغان حکومت کے ساتھ تعاون کر کے
اس ملک میں منشیات کی پیداوار کو کم کرنے کی کوشش کرے گی۔انھوں نے کہا کہ قابل افسوس بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے انسداد منشیات و جرائم کے ادارے یو این او ڈی سی کے حالیہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ افغانستان میں منشیات کی پیداوار میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی روسی حکام نے افغانستان میں منشیات کے خلاف مہم میں برتی جانے والی لاپرواہی پر امریکا اور نیٹو پر بارہا تنقید کی ہے۔