لاہور( این این آئی)مجلس وحدت المسلمین کے لاپتہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی ایک ماہ بعد بحفاظت واپس پہنچ گئے۔ناصر شیرازی کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ جاتے ہوئے واپڈا ٹاؤن کے علاقے سے نامعلوم افراد زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے تھے ۔ناصر شیرازی کے چھوٹے بھائی علی شیرازی کے مطابق ناصر شیرازی خیریت سے ہیں۔رابطہ کرنے پر مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان مظاہر شگری نے بتایا کہ میری ناصر شیرازی سے بات
ہوئی ہے وہ خیریت سے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ناصر شیرازی کو مضافاتی علاقے میں چھوڑا گیا جہاں سے وہ کسی محفوظ مقام پر پہنچے اور ٹیلیفون کال کر کے پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں نے انہیں بتائے گئے مقام سے اپنے ساتھ لیا جس کے بعد وہ علامہ راجہ ناصر عباس کی رہائشگاہ پر پہنچے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ قیادت مشاورت کر رہی ہے اور متوقع طور پر کل منعقدہ پریس کانفرنس میں ناصر شیرازی اغواء کاروں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کریں گے۔یاد رہے کہ مجلس وحدت المسلمین کی قیادت کی جانب سے اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی گئیں اور ان سے ناصر شیرازی کی بازیابی کا مطالبہ کرنے کیلئے آواز بلند کرنے کی درخواست کی گئی تھی جبکہ اس سلسلہ میں دس دسمبر کو دھرنا دینے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ناصر شیرازی کے لا پتہ ہونے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر تھی اور فاضل عدالت کی جانب سے حساس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انہیں بازیاب کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیاتھا۔