اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف عالمی شہرت یافتہ انقلابی شخصیت نیلسن منڈیلا کے پوتے قبول اسلام کے بعد عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق معروف عالمی شہرت یافتہ انقلابی
شخصیت نیلسن منڈیلا کے پوتے قبول اسلام کے بعد عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئے ہیں ، مانڈلا منڈیلا کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے ، وہ پاکستان میں تین روز تک قیام کرینگے۔ لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتےہوئے نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس کر رہا ہے ، پاکستان امن کا پیغام لے کر آیا ہوںیہاں جو محبت اور پیار ملا وہ قابل دید اور ستائش ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام نے ان کی زندگی اور شخصیت کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ میرے دادا نیلسن منڈیلا اسلام سے متاثر تھے انہوں نے اسلام کے مطالعے کے بعد کہا تھا کہ اسلام دنیا بھر میں امن کا پیغام پھیلانے کا ذریعہ ہے۔ مانڈلا منڈیلا نے کرکٹ کے ذریعے جنوبی افریقہ اور پاکستان کو مزید قریب لانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے عوام کرکٹ کے شوقین ہیں اور میری خواہش ہے کہ میں دونوں ممالک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کروں۔