اسلام آباد (این این آئی)وزارت منصوبہ بندی وترقی کے حکام نے کہاہے کہ پاکستان 2025ء میں دنیا کی بہترین اور 2047ء میں 10 بڑی معیشتوں میں شامل ہوجائے گا ٗحکومت کے اقدامات سے ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دنیا کا ہر مستند جریدہ پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہا ہے۔
وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے حکام نے بتایا کہ سی پیک نے پاکستان کو دنیا کا پسندیدہ ترین ملک بنا دیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کے خواب کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان اساتذہ کی اعلیٰ تعلیمی قابلیتوں کی تکمیل کیلئے امریکہ کے ساتھ علمی راہداری قائم کرتے ہوئے 10 ہزار اساتذہ کی امریکی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم و تربیت کا بندوبست کررہا ہے، انسانی و افرادی سرمایہ کاری کا اتنا بڑا خواب پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ انہوںنے بتایاکہ سی پیک منصوبہ دنیا میں جاری سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ ہے،55 ارب ڈالر مالیت سے زائد کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر لے جائے گا، طویل، کشادہ اور محفوظ سڑکیں، توانائی کے منصوبے، انڈسٹریل پارکس اور گوادر بندرگاہ کا منصوبہ، جس کی تکمیل دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثرہ پاکستان کیلئے روشن مستقبل کی نوید ہے۔