میڈریڈ(آئی این پی)اسپین میں بم کی افواہ کے بعد مشہور گرجا گھر خالی کرالیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپانوی پولیس کا کہنا ہے کہ بارسلونا شہر میں واقع مشہور گرجا گھر ساگراڈا فامیلیا میں بم کی افواہ کے بعد گرجا گھر کو خالی کرالیا گیا تھا تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کریکر ماہرین نے چھان بین کے بعد گرجا گھر کو کلیر قرار دیا۔اسپانوی پولیس کی جانب سے ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ گرجا گھر میں بم کی
موجودگی کی جھوٹی اطلاع دینے پر کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا تاہم اب زندگی معمول کے مطابق چل رہی ہے اور کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔قبل ازیں اسپانوی پولیس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکام نے بارسلونا میں واقع گرجا گھر میں بم کی موجودگی کی اطلاع کے بعد گرجا گھر کا محاصرہ کرلیا ہے۔ شہریوں کو تاکید کی گئی تھی کہ وہ تا اطلاع ثانی چرچ کی حدود سے دور رہیں تاکہ انسداد دہشت گردی حکام بم سے متعلق ملنے والی اطلاع کی چھان بین کرسکیں۔خیال رہے کہ بارسلونا میں گذشتہ ماہ ایک شدت پسند نے شاہراہ لاس رامبلاس پر اپنی گاڑی راہ گیروں پر چڑھا دی تھی۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں نے فائرنگ بھی کی جس
کے نتیجے میں کم سے کم سولہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔