لاہور(آئی این پی) ستمبر میں ورلڈالیون کے مجوزہ دورئہ پاکستان کیلئے حکومت نے پی سی بی کوگرین سگنل دیدیا ہے۔ذرائع کے مطابق 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے انعقاد کیلئے پنجاب حکومت نے وفاق کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں مہمان کرکٹرز کو فول پروف سیکیورٹی
فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے، قبل ازیں میچز کا مجوزہ شیڈول لاہور میں 17ستمبر کو ضمنی انتخاب سے متصادم ہونے کی وجہ سے صورتحال غیر واضح تھی جب کہ پی سی بی نے بھی شیڈول کو حتمی شکل دیدی لیکن سیکیورٹی معاملات کے پیش نظر اعلان تاخیر سے کیا جائے گا،آئی سی سی ٹیم انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رواں ماہ کے آخری ہفتے میں لاہور آئے گی۔دوسری جانب ورلڈ الیون کے ممکنہ کھلاڑیوں میں مزید نام بھی سامنے آگئے ہیں، ڈیرن سیمی کو قیادت سونپنے اور جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ، لیگ اسپنر عمران طاہر، کیوی برینڈن میک کولم کے شامل ہونے کی اطلاعات تھیں، اب انگلش لیگ اسپنر عادل رشید، زمبابویں بیٹسمین سکندر رضا،بنگلہ دیشی بیٹسمین تمیم اقبال، افغانستان کے محمد نبی کے نام بھی سامنے آئے ہیں، ذرائع کے مطابق ورلڈ الیون کے منیجر اینڈی فلاور کی دیگر چند کھلاڑیوں سے بھی بات چیت حتمی مراحل میں ہے۔ادھر پی سی بی کا دعوی ہے کہ مہمان ٹیم میں دنیا کی صف اول کی ٹیموں کے بہترین 13 کھلاڑی موجود ہوں گے۔ یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم بھی ایک میچ پاکستان میں کھیلنے کیلیے دلچسپی ظاہر کرچکی لیکن حتمی فیصلہ ورلڈ الیون کے دورے کی کامیابی پرہوگا۔