اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیمپئنز کے چیمپئن بنی پاکستان کی ٹیم اور پورا پاکستان خوشی سے سرشار ہو گیا ۔ کھیل جیتنے کی خوشی بھی تھی اور عید بھی قریب تو عید پر عید کا سماں رہا ۔ گزشتہ روز وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی ہیرو ز کو انعامات سے نوازا گیا ۔
چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستان ٹیم کے اعزاز میں تقریب کے دوران فائنل میچ کے ہیرو اوپننگ بیٹسمین فخر زمان سے نوبال پر آؤٹ ہونے کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ میچ سے قبل شاداب سے گفتگو ہو رہی تھی تو اس نے کہا کہ ”کبھی ایسے بھی ہوتا ہے کہ بیٹسمین آؤٹ ہو جاتا ہے اور نوبال ہو جاتی ہے، شاید تم بھی نوبال پر آؤٹ ہو جاؤ اور سنچری بناؤ۔“ میں نے کہا کہ ”میں نے خواب دیکھا ہے کہ میں نوبال پر آؤٹ ہو گیا ہوں اور شاید تمہاری بات سچ ثابت ہو جائے اور بھارت کے خلاف میچ میں بالکل ایسے ہی ہوا“۔ اظہر علی کے رن آؤٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ”میں شاٹ کھیل کر گیند پر نظر رکھے ہوئے تھا، میں نے سامنے دیکھا تو اظہر بھائی موجود نہیں تھے، جب مڑ کر اپنی دوسری جانب دیکھا تو وہ میرے پاس پہنچ چکے تھے۔“ میں بھارت کے خلاف میچ میں ہر بال پر شاٹ کھیل رہا تھا جس پر اظہر علی بار بار کہہ رہے تھے کہ ”بھائی ایک گیند تو چھوڑ دو، جب وہ کئی مرتبہ کہہ چکے تو میں نے کہا کہ اظہر بھائی! آپ پریشان نہ ہوں، پیچھے کی باؤنڈری شارٹ ہے، ٹاپ ایج ہوا تو پیچھے چھکا ہو گا اور اگر گیند بیٹ پر آئی تو مڈ وکٹ پر باؤنڈری لگے گی“۔