اسلام آباد(آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ اس کو ہٹاؤ اس کو لاؤ والی پالیسی نہیں چلنی چاہیے ، سینئر کی صلاحیتوں اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے رہنا چاہیے ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیراعظم آفس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب پذیرائی کے موقع پر کیا ۔ تقریب میں وزیراعظم محمد نوازشریف ، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق ، ریاض حسین پیرزادہ ، وزرائے مملکت چوہدری عابد شیر علی ، مریم اورنگزیب ، سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق ،
پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان ، پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی سمیت ممتاز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں چیمپئنز ٹرافی میں غیر معمولی فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کی بھرپور پذیرائی کی گئی ۔ مختلف کھلاڑیوں کو سٹیج پر بلا کر بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا ۔انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا ۔ شعیب ملک نے کہا کہ اس کو ہٹاؤ اس کو لاؤ والی پالیسی نہیں ہونی چاہئے ، ہم پر بہت زیادہ تنقید ہوتی ہے ، سینئر کے تجربے اورصلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور اگر سینئر بوجھ بن جائے تو ضرور اس کے بارے میں سوچنا چاہیے ۔