لندن (آئی این پی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ اس بار کوئی افسوس نہیں ہونا چاہیے جیسا کہ انڈیا کے ساتھ پہلے میچ میں ہوا تھا۔انھوں نے آسٹریلوی کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فائنل تک پہنچنا ان کے لیے ناقابل یقین بات ہے اور وہ بھی پہلے میچ میں شکست کے بعد۔انھوں نے کرکٹ ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کھلاڑیوں نے میچوں کے لیے پوری تیاری کی اور انھوں نے جس معیار کے کھیل کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ انڈیا کے ٹاپ آرڈر کا نئی گیند سے شکار کریں گے اور مڈل آرڈر کو دبا ؤمیں ڈال دیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں اٹیک کرنا پڑے گا۔ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ہے۔ ہمیں کوشش کرنی ہے اور نئی بال کو ہمارے لیے کام انجام دینا ہے۔ ہمیں کوشش کرنی ہے اور انھیں آؤٹ کرنا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ انڈیا کے مڈل آرڈر کو بہت زیادہ موقع نہیں ملا ہے اور حالیہ دنوں میں انھوں نے دبا ؤمیں بیٹنگ نہیں کی ہے۔ اس لیے ہم کوشش کریں گے کہ ان کے ٹاپ آرڈر کو آؤٹ کرکے انھیں انتہائی دبا ؤمیں لائیں۔ اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو ہم حقیقی معنوں میں ان کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔انھوں نے پوری پاکستان ٹیم، مینجمنٹ، کوچز کی تعریف کی اور کہا کہ ٹیم کے کھلاڑی کچھ کر دکھانے کے لیے بیتاب ہیں۔ ‘لڑکے اٹیک کرنے میں یقین رکھتے ہیں اور ہم نے اٹیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ‘کپتان سرفراز احمد بہت مثبت ہیں۔ وہ ایک جارح کپتان اور وکٹیں لینا چاہتے ہیں ۔۔۔ انھوں نے کھلاڑیوں کو اٹیکنگ پوزیشن پر لگایا ہے، سلپ لگائی اور یہ ہمارے لیے سود مند ثابت ہوا ہے۔’انھوں نے کہا کہ ٹیم کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان میں فائنل کے لیے بڑا جوش ہے۔