حرث بن الحکم حضرت عثمانؓ کا چچا زاد بھائی اور داماد تھا۔ حضرت عثمانؓ نے اس کو محتسب مقرر کیاتھا۔ یعنی اس کاکام یہ تھا کہ بازار میں اشیائے خرید و فروخت ان کی قیمتوں اور دکان داروں کے باٹوں، پیمانوں اور سکوں کی نگرانی رکھیں تاکہ بائع (بیچنے والے) اور مشتری (خریدار) کسی کو شکایت کا موقع نہ ہو۔
لیکن اس رشتہ داری اور قرابت کے باوجود جب حضرت عثمانؓ کو اس کاعلم ہوا کہ حرث بن الحکم اپنے فرائض منصبی ایمان داری سے ادا نہیں کر رہاہے اور اپنے عہدہ سے ناجائز فائدہ اٹھا کر بازار کی بعض اشیاء اپنے لیے مخصوص کرلی ہیں تو حضرت عثمانؓ نے اس پر سخت ناراضگی کا اظہارفرمایا اور فوراً معزول کر دیا۔