اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملائیشیا میں پاکستانی شہری طاہرسے شادی کرنے والی عظمیٰ کو بھارت جانے کی اجازت دے دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے طاہرعلی اورعظمی کی درخواستوں کی سماعت کی۔عظمیٰ بھارتی ہائی کمیشن سے سخت سیکورٹی میں ہائی کورٹ پہنچیں۔
ہائی کورٹ نے عظمیٰ کوبھارت جانے کی اجازت دیتے ہوئے اصلی امیگریشن فارم بھارتی خاتون شہری کے حوالے کردیا۔ عدالت عالیہ نے عظمیٰ کو واہگہ بارڈر تک مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ فیصلہ سنتے ہی عظمیٰ کمرہ عدالت میں لڑکھڑا کرگر پڑی جس پر ڈسپنسری سے ڈاکٹرز کو طبی امداد کے لیے طلب کرلیا گیا۔عدالتی فیصلے کے بعد طاہرنے فاضل جج سے عظمیٰ سے صرف 2 منٹ کے لیے علیحدہ ملاقات کی درخواست کی، عظمیٰ کی جانب سے انکار پر جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست رد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ طاہر سے نہیں ملنا چاہتیں تو ہم زبردستی نہیں کرسکتے۔