لاہور(آئی این پی)لاہور بورڈ سمیت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے تحت انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2017ء کا آغاز 6مئی بروز ہفتہ سے ہوگا،صوبے بھر کے تعلیمی بورڈ کے تحت 13لاکھ 23ہزارجبکہ لاہور بورڈ سے 3لاکھ 10ہزار 781امیدوارامتحان دیں گے جس کے لئے لاہور بورڈ نے تیاریاں مکمل کرلیں۔تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2017ء کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
ترجمان لاہور بورڈ کے مطابق پارٹ ون کے امتحان میں ایک لاکھ باون ہزار ایک سو اکیاون اورپارٹ ٹو کے امتحان میں ایک لاکھ اٹھاون ہزار پانچ سو نوے امیدوار شرکت کریں گے۔امیدوار وں کے امتحان کے لئے 509 امتحانی سنٹر تشکیل دیئے گئے ہیں۔امتحانی سنٹرزمیں 3000نگران ، 509سپرنٹینڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ ڈیوٹیاں دیں گے۔امتحانات کی نگرانی کے لئے 369 ریذیڈنٹ انسپکٹرز اور 155 موبائل انسپکٹرز تعینات کیے جائیں گے۔