دبئی (آئی این پی)دبئی حکام نے ویزہ کی تجدید کا عمل بھی ہیلتھ انشورنس کے ساتھ منسلک کر دیا جس کا آغاز یکم جنوری سے کیا جا چکا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی حکام نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اب ہیلتھ انشورنس کے بغیر ویزے کا حصول ناممکن ہے، ویزہ کے متمنی افراد کو اب اس کے حصول سے پہلے اپنی ہیلتھ انشورنس کروانا لازمی قرار دیدیا گیا ہے جس پر یکم جنوری 2017ء سے عملدرآمد شروع ہے۔ دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں ہیلتھ فنڈنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر الیوسف کا کہنا ہے کہ دبئی میں رہائش پذیر کسی بھی شخص کو ہیلتھ انشورنس کے بغیر نہ تو نیا ویزہ جاری کیا جائے گا اور نہ ہی اس کے ویزے کی تجدید ہو سکے گی۔
ڈاکٹر حیدر الیوسف کا کہنا ہے کہاب جو لوگ نیا ویزہ لینا چاہتے ہیں یا پہلے سے وہاں رہنے والے حضرات اپنے ویزے میں توسیع کروانا چاہتے ہیں تو انہیں درخواست کے ساتھ میڈیکل انشورنس سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہوگا۔ دبئی آنے والے افراد ویزہ کے لیے درخواست دینے کے لیے کسی بھی کمپنی سے میڈیکل انشورنس کروا سکتے ہیں۔