بھکر( آن لائن) قطری شہزادوں کی جانب سے تلور کا شکار کرنے پر مقامی لوگ احتجاج کرتے ہوئے شہزادہ جاسم کی خیمہ بستی کے قریب پہنچ گئے اور نعرہ بازی شروع کر دی، جس پر پولیس نے مشتعل لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے باعث متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں
۔تفصیلات کے مطابق قطری شاہی خاندان کے 12 افراد تلور کے شکار کیلئے پاکستان موجود ہیں اور بھکر کے مختلف علاقوں میں شکار کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے شکایت کی ہے کہ شکار کے باعث ان کی فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے تاہم ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ مقامی لوگوں نے اس اقدام کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے شہزادہ جاسم کی خیمہ بستی کے قریب پہنچ گئے اور علاقہ چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے علاقہ چھوڑنے کے مطالبے کے علاوہ ”گو نواز گو“ کے نعرے بھی لگائے گئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو قطری شہزادے کی خیمہ بستی کے اتنے قریب دیکھا تو بوکھلا گئے اور مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں۔