اسلام آباد (آئی این پی) سابق صدر اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کے مرشد پیر اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو کوئی خطرہ نہیں بس ان کا اپنا مزاج ہے‘میرادل چاہتا ہے آصف زرداری کل ہی پاکستان واپس آجائیں‘زرداری کی کرپشن کا کوئی علم نہیں‘سی پیک منصوبے کا سہرا زرداری ‘منصوبے کو تکمیل تک پہنچانے کا کریڈٹ جنرل راحیل شریف کا ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کی 14 ویں برسی کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ پیر اعجاز شاہ نے کہاکہ میرادل چاہتا ہے آصف زرداری کل ہی پاکستان واپس آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ آصف زرداری کا اپنا ملک ہے وہ جب چاہیں واپس آجائیں۔ پیراعجازشاہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو کوئی خطرہ نہیں بس ان کا اپنا مزاج ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کی کرپشن کا مجھے کوئی علم نہیں۔ سی پیک کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کا سہرا آصف زرداری کو جاتا ہے اور سی پیک منصوبے کو تکمیل تک پہنچانے کا کریڈٹ جنرل راحیل شریف کا ہے۔
پیراعجازشاہ نے کہاکہ آصف زرداری کی والدہ کی برسی پر ہرسال نوابشاہ جاتا ہوں،آج یہاں قران خوانی کرائی ہے۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کی 14 ویں برسی کے موقع پر پیر اعجاز شاہ نے تقریب کا اہتمام کیا جو ایف 8 میں زرداری ہاؤس کی گلی میں زیارت پرمنعقد کی گئی ۔اس موقع پر قرآن خوانی کی گئی اور آخر میں مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے کسی بھی رہنما نے شرکت نہیں کی