اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے ذریعے اسلام آبادکو بند کرنے کی دھمکی کے خلاف دائر درخواست پرضلعی انتظامیہ کو فریق بنانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 20اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی ہے ۔منگل کو اسلام آباد کے باسیوں کی طرف سے دائر شہر اقتدار کو احتجاج اور دھرنے کے ذریعے بند کرنے کی درخواست پر سماعت عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بینچ نے کی،دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل حسن مان ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے کہ اسلام آباد کی بندش سے تحریک انصاف کو روکا جائے جس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت کون دیتا ہے ؟ درخواست گزاروں کے وکیل نے بتایا کہ شہر اقتدار میں احتجاج کی اجازت ضلعی انتظامیہ دیتی ہے جس پر فاضل جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے احتجاج کی اجازت دینے والے کو فریق ہی نہیں بنایا،درخواست گزار وں کے وکیل نے درخواست میں ترمیم کے لیے وقت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔