جمعرات‬‮ ، 26 دسمبر‬‮ 2024 

مکہ المکرمہ : کمبل اور تھیلے والا پاکستانی بابا چل بسا..

datetime 3  ستمبر‬‮  2016
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خانہ کعبہ کے سامنے کا منظر تھا اور مغرب کے بعد کا وقت۔ ہر طرف لوگوں کی چہل پہل لگی ہوئی تھی۔ لیکن ایک بابا جی اس سب سے بےخبر ستون سے ٹیک لگائے بیٹھے تھے ۔ قرآن ان کے ہاتھ میں تھا اور پاس ہی ان کی سہارے والی لاٹھی پڑی تھی۔ ابھی ہم باباجی کو دیکھ ہی رہے تھے کہ ایک دوست نے پوچھا “جانتے بھی ہو یہ کون ہیں؟”ہم نےلاعلمی میں سر ہلایا تو وہ کہنے لگے۔ “یہ باباجی یہاں پچھلے پچاس سال سے بیٹھے ہیں،

ان کا کھانا ، پینا، سونا اور سب کچھ یہیں ہوتا ہے۔ ان کا کل سرمایہ یہی کمبل اور تھیلا ہے جو نظر آرہا ہے۔”ہم نے تھیلے میں جھانکا تو ایک کپڑے کے سوٹ اور چپل کے علاوہ کوئی تیسری چیز نظرنہیں آئی۔ ہمیں یہ لائف سٹائل بڑا عجیب سا لگا۔ دل کیا کہ خود جا کے ان سے پوچھا جائے کہ یہ سب کیا ہے؟۔ چنانچہ ہم نے بڑے بھائی محمود صاحب کو بھی ساتھ لیا اور باباجی کے پاس جا کر بیٹھ گئے۔ باباجی نے مسکراتے ہوئے دھیمے سے لہجے میں سلام کا جواب دیا۔رسمی حال احوال کے بعد ہم نے باباجی کا انٹرویو لینا شروع کیا تو معلوم ہوا باباجی کا تعلق پاکستان سے ہے۔ سولہ سترہ برس کے ہوں گے کہ وہ یہاں آئے اور پھر ایسے آئے کہ یہیں کے ہو کے رہ گئے اور اللہ سے کہا “یااللہ ! اب ایک بار آ گیا ہوں تو اب اس پاک گھر سے میری لاش ہی نکالیو، تیرے گھر سے نکلنے کا جی نہیں کرتا”دن مہینوں میں بدلے اور مہینے سالوں میں لیکن باباجی کی نیت نہ بدلی ۔ اپنے ارادے پر فولادی چٹان بن کر کھڑے ہو گئے اور خدا گواہ ہے ایسے کھڑے ہوئےکہ جوانی سے بڑھاپا آ گیا۔ ٹانگوں اور طاقت دونوں نے ساتھ چھوڑ دیا لیکن باباجی نے اللہ کے گھر کا ساتھ نہ چھوڑا۔ بیمار بھی ہوئے لیکن حرم سے نکل کر علاج کروانا گوارا نہ کیا۔ہم نے دوبارہ سوال کیا..

“کیا پچھلے پچاس سال میں آپ کبھی باہر نہیں گئے؟” تو باباجی بولے “خود سے تو نہیں البتہ پولیس والے ایک دو بار اٹھا کر لے گئے تھے. ہوا اس طرح کہ جب ایک نئے کمشنرکی مکہ میں تعیناتی ہوئی تو اس کے کارندوں نے اپنی پھرتیاں دکھانے کیلئے لوگوں سے کاغذات وغیرہ کی تلاشی شروع کی۔ میرے پاس کچھ بھی نہ تھا چنانچہ انہوں نے مجھے پکڑا اور گرفتار کرکے تھانے لے گئے۔ جب مجھے اپنے کمشنر کے سامنے پیش کیا گیا

تو اس کے چھکے چھوٹ گئے۔ وہ جانتا تھا کہ ایک بار طواف سے فراغت پر مجھےشاہ فہد بھی آ کر ملا تھا۔ کمشنر اپنی جگہ سے کھڑا ہو گیا۔ پہلے مجھ سے معذرت کی اور پھر مجھے گرفتار کرنے والوں کو بلوایا اور انہیں خوب ڈانٹا. پھر میری کھانے سے تواضع کی اور پولیس وین میں اعزاز کے ساتھ جہاں سے لایا گیا تھا وہیں لا کرچھوڑ دیا ۔”یہ واقعہ سنانے کے بعد باباجی نے ایک جملہ بولا جو آج بھی ہمیں یاد آ رہا ہے۔

کہنے لگے “بیٹا !ہمارے لیے دعا کیا کرو ۔” ہمیں دل میں رونا آ گیا ۔ کہاں ہم اس دنیا کی گندگی کے ڈھیر میں سارا سارا دن ہاتھ پیر مار نے والے “ٹائم پاسیے” اور کہاں یہ فرشتہ صفت انسان کہ جس کی صبح بھی اللہ کی رحمت کے سائے میں ہوتی ہے اور شام بھی،. ہم سے دعا کا کہہ رہا ہے۔پوچھا “باباجی ! کیا دعا کریں ؟” کہنے لگے “جس کعبے کے سامنے زندگی گزار دی اسی کے سامنے زندگی ختم ہو اور اللہ اپنے پاس بلالے.

مجھے اور کچھ نہیں چاہیے۔” اب باری ہماری تھی ہم نے بھی باباجی سے دعا کروائی. اللہ قبول فرمائے.گزشتہ روز ایک تصویر دیکھی تو دل بے قابو ہوگیا۔ چند سال قبل کا منظر آنکھوں کے سامنے گھوم گیا۔ کیوں کہ تصویر اسی جگہ کی تھی جو باباجی کا ٹھکانہ تھا۔ وہی پرانا منظر تھا۔ باباجی کے ہاتھ میں قرآن بھی تھا اور وہ تھیلا بھی وہیں رکھا تھا۔ سہارے والی لاٹھی بھی پاس ہی رکھی تھی۔

وہ کعبہ بھی باباجی کے قریب ہی تھا جس کے پہلو میں انہوں نے زندگی گزاری تھی۔ منظر میں تبدیلی اب یہ تھی کہ باباجی کو اللہ نے اپنے پاس بلا لیا تھا اور ایسی حالت میں اپنے پاس بلایا کہ جمعے کا دن تھا۔ باباجی روزے سے تھے۔ افطار سے قبل کا وقت تھا اور باباجی قرآن پڑھتے جا رہے تھے کہ پڑھتے پڑھتے اللہ کے پاس چلے گئے.

موضوعات:



کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…