کراچی (این این آئی)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق وزیر اعلیٰ کے دور کا 8 سال کا بوجھ ڈیڑھ ماہ میں ختم کرتے ہوئے2ہزار سے زائد سمریوں پر دستخط کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مرا علی شاہ نے آٹھ سال کا کام ڈیڑھ ماہ میں کر دکھایا ہے اور2 ہزار سے زائد سمریوں پر دستخط کر دیے ہیں۔وزیر اعلی سندھ نے جن سمریوں پر دستخط کیے ہیں ان میں چار سو سمریاں مختلف محکموں کے افسران کی پرسنل ہیئرنگ کے حوالے سے تھیں۔8 سال کے عرصے کے دوران کئی ایسے ملازمین تھے جو پرسنل ہیئرنگ کے انتظار میں ریٹائرمنٹ کی عمر تک پہنچ گئے تھے لیکن ان کا فیصلہ نہیں ہو پا رہا تھا۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 8 سال کا سمریوں کا پہاڑ گرانے کے بعد اب روزانہ کی بنیاد پر سمریوں کو نمٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمریوں کے معاملے کو روزانہ کی بنیاد پر دیکھا جائے۔