نیویارک (این این آئی)وزیراعظم محمد نواز شریف (کل) بدھ21ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس سے خطاب کرینگے ۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق تیسری مرتبہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ جنرل اسمبلی سے اپنا چوتھا خطاب کریں گے وزیر اعظم محمد نواز شریف نیو یارک میں اپنے قیام کے دوران 21 ستمبر 2016ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب کرینگے جس میں وہ مسئلہ کشمیر اور بھارتی فورسز کے مظالم کا معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھائینگے وہ نوجوان کشمیری رہنما برہان الدین وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی رہنماؤں کی توجہ مبذول کروائیں گے۔بیان کے مطابق وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کے جلد حل کی ضرورت پر بھی زور دیں گے۔وزیراعظم بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کریں گے کہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کیلئے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کی جائے جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کیا گیا تھا۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کیلئے پاکستانی کوششوں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ دورہ نیو یارک کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف بین الاقوامی رہنماؤں کو محفوظ ‘ مستحکم اور معاشی طور پر ترقی کرتے ہوئے پاکستان کے حوالے سے بھی آگاہ کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم قومی ‘ علاقائی اور بین الاقوامی امن اور سلامتی‘ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مسلح افواج ‘قانون نافذ کرنے والے اداروں ‘ پولیس اہلکاروں سمیت عوام کی لازوال قربانیوں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے ساتھ وزیراعظم اپنے برطانوی ہم منصب ‘ ترکی کے صدر ‘ ایرانی صدر‘ جاپان کے وزیراعظم ‘ نیوزی لینڈ کے وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔اس موقع پر وزیراعظم سعودی عرب کے ولی عہد نائب وزیراعظم ‘ نیپال اور رومانیہ کے وزرائے اعظم سمیت کئی عالمی راہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے کے حوالے سے پاکستان اور چین کی سفارتی کاوشوں کے بارے میں بھی عالمی رہنماؤں کو آگاہی فراہم کریں گے۔وزیراعظم محمد نوازشریف اپنے جنرل اسمبلی کے خطاب کے دوران پناہ گزینوں کے عالمی مسئلہ پر پاکستانی موقف کی وضاحت بھی کریں گے اس کے علاوہ وزیراعظم یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔