ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ انہیں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے غیر آئینی طور پر نااہل قرار دیا، عدالت میں 6 ماہ کیلئے جیل جانے کا ذہن بناکر آیا تھالیکن اچانک سزا سنائی گئی تو میں حیران رہ گیاکیونکہ توہین عدالت کی سزا چھ ماہ قید ہے لیکن انہیں چھ سیکنڈ کی سزا دے کر نااہل قرار دے دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘جب میں عدالت پہنچا تو یہ ذہن بناچکا تھا کہ اگر مجھے توہین عدالت پر سزا ہوگئی تو 6 ماہ کیلئے جیل چلا جاؤں گا’۔انہوں نے کہا کہ جب کراچی کا میئر جیل میں ہوتے ہوئے بھی عہدے پر برقرار رہ سکتا ہے تو وزیر اعظم بھی جیل میں ہونے کے باوجود عہدے پر رہ سکتا ہے۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے اپنے دور میں میثاق جمہوریت پر عمل کیا اور سابق صدر آصف علی زرداری نے تمام اختیارات منتخب وزیر اعظم کو منتقل کیے’۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اختیارات کی منتقلی سے جمہوریت اور ادارے دونوں مضبوط ہوئے، پیپلز پارٹی نے اداروں کا احترام کیا اور انہیں مستحکم کیا، ساتھ ہی ہم نے کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا۔