لاہور (این این آئی) ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہاہے کہ منفی پریس کوریج پر توجہ نہیں دے رہے ۔ بی بی سی کے مطابق ایک گروپرام میں قارئین کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے مصباح الحق نے ٹیم کے مورال پر کہا کہ ہماری ساری توجہ اپنی تیاری اور سیریز پر ہے اور اس بات پر ہے کہ ہم نے میدان میں کیا کرنا ہے نہ کہ اس بات پر کہ پریس کیا کہہ رہی ہے۔مصباح نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم میں سارے کھلاڑیوں پر ہماری توجہ ہے مگر الیسٹر کْک، جو روٹ اور جونی بیرسٹو بیٹنگ میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ براڈ اچھی بالنگ کروا رہے ہیں۔مصباح سے پوچھا گیا کہ کیا اْن کے گھر میں کوئی کرکٹ میں دلچسپی رکھتا ہے تو مصباح نے بتایا کہ ان کا بیٹا کرکٹ میں دلچسپی رکھتا ہے۔مصباح جو حال ہی میں عمرہ کر کے آئے ہیں اور اْن کی داڑھی پر بہت سارے کمنٹس موصول ہوئے جس پر مصباح نے بتایا کہ انسان میں تبدیلی تو آتی رہتی ہے مگر اْن کی زندگی نارمل ہے۔محمد عامر کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ عامر پر کوئی دباؤ نہیں ہے ابھی تک ایسا کچھ نہیں ہے کیونکہ وہ اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے۔سمیع اسلم کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ سکواڈ میں شامل کوئی بھی کھلاڑی کھیل سکتا ہے۔ریٹائرمنٹ کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ دیکھتے ہیں اب تک کچھ بھی حتمی نہیں ہے۔