لندن(آن لائن)پاکستانی سپیڈ سٹار محمد عامر سے خوفزدہ برطانوی تماشائیوں نے لارڈز ٹیسٹ سے پہلے ان کا مورال گرانے کیلئے خصوصی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔اس بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیڈ سٹار کو دفاعی پوزیشن پر لانے کیلئے ان کے خلاف پلے کارڈز بھی گراونڈ میں لائے جائیں گے۔ ان پلے کارڈز پر عامر کی تصویریں لگا کر سپاٹ فکسنگ کے بارے میں طنزیہ فقرے لکھے جائینگے۔ذرائع کا اس بارے میں مزید کہنا ہے کہ اس میچ سے پہلے برطانوی پولیس نے بھی اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں تاکہ کسی قسم کی کوئی بدمزگی نہ ہو لیکن تماشائیوں کو مثبت تنقید سے نہیں روکا جائے گا۔ دوسری طرف اپنے سٹار باولر کیخلاف ممکنہ نعرے بازی سے نمٹنے کیلئے پاکستانی ٹیم منجمنٹ نے بھی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ عامر کو اس بارے میں تربیت دے رہی ہے کہ کس طرح برطانوی کراوڈ سے نمٹنا ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی کپتان الیسٹر کک پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ عامر کو لارڈز ٹیسٹ میں تماشائیوں کے نعروں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یاد رہے کہ محمد عامر نے اپنا آخری ٹیسٹ لارڈز پر ہی کھیلا تھا جس میں سلمان بٹ ، محمد آصف سمیت ان پر سپاٹ فکسنگ کے الزامات لگے۔ اس کے بعد ان تینوں کو سزا بھی ہوئی تھی۔