سینٹ ڈینس (آئی این پی)یورو کپ فٹبال 2016ء کا تاج پرتگال نے اپنے سر پر سجالیا۔ فائنل میں پرتگال نے فرانس کو ایک صفر سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا‘ میچ جیتتے ہی پرتگال میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔سینٹ ڈینس میں کھیلے گئے یورو کپ فٹبال کے فائنل میں فرانس اور پرتگال کے درمیان انتہائی شاندار مقابلہ ہوا دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ پرتگال کی ٹیم کو کھیل کے درمیان اس وقت بڑا دھچکا لگا جب پرتگال کے کھلاڑی کرسٹیانا رونالڈو انجری کے باعث کھیل پورا نہ کرسکے اور میچ سے دستبردار ہوگئے۔ جس کے بعد نینی نے پرتگال کی کمان سنبھالی اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف کئی حملے کئے۔ دونوں ٹیمیں پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔دوسرے ہاف میں بھی فرانس اور پرتگال نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔ کھیل کے اضافی وقت میں پرتگال کی جانب سے ایڈر نے شاندار موو بنائی اور کھیل کے 190منٹ میں میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول اسکور کر دیا۔ فرانس کی ٹیم کھیل کے اختتام تک اس برتری کو ختم نہ کر سکی اور پرتگال یورو کپ 2016ء یورو کپ کا چیمیئن بن گیا۔ میچ کا فیصلہ ہوتے ہی پرتگال میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا