لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وسیم اکرم کوپاکستانی بیٹنگ کی فکر ستانے لگی، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں بیک فٹ پر کھیلنے والے بیٹسمین کامیاب نہیں ہوسکیں گے، مہمان ٹیم کی بولنگ میں اتنی جان ہے کہ میزبان ٹیم کو پریشان کرسکے۔تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کم بیک کرنے والے محمد عامر کے بارے میں کوئی تشویش نہیں، امید ہے کہ مسائل کے باوجود پیسر اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے، فکر کی بات پاکستانی بیٹنگ خاص طور پر ٹاپ آرڈر ہے، انگلینڈ کی کنڈیشنز میں میزبان بولرز کی گیندیں بہت زیادہ سوئنگ ہوں گی، پہلے ٹیسٹ میں جیمز اینڈرسن کی عدم دستیابی کے باوجود بیٹنگ آسان نہیں ہوگی،امید ہے کہ پاکستان ٹیم نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہوگا اور بولرز کنڈیشنز کا بہتر انداز میں استعمال کرنے میں کامیاب ہونگے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ سیریز میں پچز سے قطع نظر محمد عامر کیساتھ یاسر شاہ کا کردار بھی اہم ہوگا، ماضی میں وقار یونس، شعیب اختر اورمیں خود چھوٹے اسپیل کرتے اور ہمیں ثقلین مشتاق تازہ دم ہونے کیلیے اچھا وقفہ فراہم کردیتے تھے۔