لندن(آئی این پی)برطانوی ٹیسٹ کپتان الیسٹر کک نے سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا مکمل کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے پاکستان فاسٹ بالر محمد عامر کو خبر دار کیا ہے کہ انہیں گراؤنڈ میں شائقین کے سخت رویے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اپنے ایک بیان میں الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ 14جولائی سے لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران عامر کیخلاف رد عمل ضرور آئے گا جو ان کے خیال میں درست ہوگا کیوں کہ جب آپ کوئی غلط کام کرتے ہیں تو سزا کے علاوہ آپ کو لوگوں کے رد عمل کا سامنا کرنے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیئے ۔یاد رہے کہ محمد عامر 6سال بعد اسی لارڈ ز کے گراؤنڈ پر باؤلنگ کریں گے جہاں انہوں نے 2010 میں جان بوجھ کر نو بالیں کروائی تھیں جس کے باعث ان کے کرکٹ کھیلنے پر 5سال کی پابندی عائد ہوئی تھی ۔