لاہور(این این آئی )پاکستان سپرلیگ گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں کرانے کی پوری کوشش کریں گے جب کہ ٹورنامنٹ میں مزید 2 انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔پاکستان سپرلیگ کی فرنچائزز کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی ایس ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل پاکستان میں کرانے کی تجویز پیش کی گئی جس پر تمام فرنچائز نے اتفاق کیا جب کہ ایک ٹیم کے اسکوڈ میں 16 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ شاہد آفریدی پشاور زلمی کی ہی قیادت کریں گے۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلنے کے لیے غیر ملکیوں کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا جائے گا اور فائنل سے پہلے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ ٹورنامنٹ میں نئی ٹیم شامل نہیں کی گئی گزشتہ ایونٹ کی طرح 5 ٹیمیں ہی پی ایس ایل کا حصہ ہوں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایونٹ گزشتہ تاریخوں پر ہی کروایا جائے گا جس کے مطابق اگر ٹورنامنٹ 4 فروری 2017 سے شروع ہوا تو فائنل 23 فرورری کو لاہور میں ہوگا۔اس موقع پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں کرانے کی پوری کوشش کریں گے جب کہ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم اورانگلینڈ کے کپتان آئیون مورگن بھی پی ایس ایل میں شامل ہوگے ہیں، دونوں کرکٹرز نے پاکستان سپرلیگ میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی اس لیے دونوں کرکٹرز کو پی ایس ایل ٹو کے ڈرافٹ میں شامل کیاجائے گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں