ٹانٹن(مانیٹر نگ ڈیسک )قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہاہے کہ دورہ انگلینڈ سے قبل لگائے ٹریننگ کیمپ نے انہیں اپنی فٹنس بہتر بنانے میں مدد دی ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 23سالہ فاسٹ بالر کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کیمپ سے انہیں بہت فائدہ ہوا ہے ،ایسے کیمپس سے کھلاڑیوں کی انجری میں کمی واقع ہوگی،کیمپ میں جس طرح کا ورک آؤٹ کرایا گیا ،اس سے فٹنس لیول بڑھے گا،پی سی بی کی جانب سے ہر دو ہفتے کے بعد فٹنس ٹیسٹ لینا ایک اچھا قدم ہے۔عامر کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کی کنڈیشن ہمیشہ سے اچھی لگتی ہے ،سب ہی فاسٹ باؤلر انگلینڈ کی کنڈیشنز کو پسند کرتے ہیں ،امید ہے کہ میں یہاں اچھا پرفارم کروں گا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے عامر کا کہنا تھا کہ وہ ان کے ساتھ پاکستان سپر لیگ میں کھیلے ہوئے ہیں ،وہ ایک اچھے کوچ ہیں جو کھلاڑیوں میں گھل مل جاتے ہیں جس سے انہیں آسانی ہوتی ہے۔