وورسٹر(آن لائن)پاکستان کیخلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے دوران انگلش ویمن ٹیم نے کئی اہم ریکارڈز الٹ پلٹ کر رکھ دیئے۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا جو میزبان ٹیم کا کسی بھی ملک کیخلاف سب سے بڑا ون ڈے سکور ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ ویمنز نے 1997۔98ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان ہی کیخلاف 2 وکٹوں پر 376 رنز بنائے تھے ، نیوزی لینڈ ویمن کے جنوری 1997ء میں پاکستان کیخلاف 5 وکٹوں پر 455 رنز ویمن کرکٹ کا سب سے بڑا مجموعی سکور ہے۔انگلش ویمن کھلاڑیوں نے میچ میں مجموعی طور پر 11 چھکے لگائے جو ون ڈے میچز کی ایک اننگز کے دوران لگائے جانے والے چھکوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے سڈنی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2009ء میں پاکستان کیخلاف 9 چھکے لگائے تھے۔