ہرارے (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں سے نظرانداز کرکٹرز نے زمبابوین کرکٹ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کیلئے اپنی خدمات پیش کرنا شروع کر دی ہیں۔ زمبابوین کرکٹ اس وقت اپنے بدترین دور سے گزر رہی ہے جہاں اس کے کئی اہم کھلاڑی مناسب پیسے نہ ملنے کے باعث ریٹائر ہوچکے ہیں وہیں اسے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ افغانستان جیسی ٹیم کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ، ان حالات کو دیکھتے ہوئے وہ پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز جنہیں اپنے ملک میں چانس ملنے کا امکان نہیں وہ زمبابوے میں قسمت آزمائی کرنا چاہتے ہیں۔ایسے کرکٹر کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر زمبابوین کرکٹ کے میڈیا منیجر ڈارلنگٹن ماجونگا کو 20 کے قریب درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر درخواستیں بھارت سے ہوتی ہیں جبکہ کچھ پاکستان سے بھی آتی ہیں، وہ کھلاڑی ہماری قومی ٹیم میں کھیلنا چاہتے ہیں تاہم میں کسی کو جواب نہیں دیتا کیونکہ یہ فیصلہ کرنا میرے اختیار میں نہیں ہے ، ہم خود اپنے کھلاڑیوں کو ڈیولپ کرنا چاہتے ہیں۔