لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے سری لنکا کے فاسٹ باؤلر شمیندا ایرنگا کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری طور بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ پر پابندی عائد کردی۔ایرنگا کے باؤلنگ ایکشن کو گزشتہ ماہ 31 مئی کو چیسٹرلی میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران مشکوک قرار دے کر رپورٹ آئی سی سی کو بھیجوادی گئی تھی ٗآئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آزادانہ تفتیش کے بعد ایرنگا کی تمام گیندیں 15 ڈگری کی سطح کو تجاوز کرتے پائی گئیں ۔آئی سی سی نے ایرنگا کو سری لنکا کرکٹ بورڈ کی اجازت پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی ٗ وہ اپنے ایکشن کو درست کرنے کے بعد دوبارہ جانچ کیلئے درخواست کرسکیں گے ٗدوسری جانب سے ایرنگا کو دل کی تکلیف کے باعث ڈبلن کے مقامی ہسپتال میں داخل کرادیا گیا تھا جہاں ان کی طبیعت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے اور وہ سری لنکن ٹیم کے ساتھ واپس انگلینڈ آئیں گے۔ایرنگا کو آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں 136 رنز کی فتح کے دوران تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد انھیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا ٗسری لنکن ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 2۔0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد شیڈول کے مطابق آئرلینڈ سے ون ڈے سیریز کیلئے ڈبلن میں موجود ہے ٗانگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 21 جون کو ہوگا۔