سڈنی (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہاہے کہ پاکستان کا باؤلنگ آٹیک انگلش بلے بازوں کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے لیکن محمد عامر سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کرکے ان پر دبا نہیں ڈالنا چاہئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک دنیا کا بہترین بولنگ اٹیک ہے اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پاکستان کا بولنگ اسکواڈ انگلش بیٹسمینوں کے لئے خطرہ ہے لیکن محمد عامر سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کرکے ان پر دبا نہیں ڈالنا چاہئے۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کو مشکلات ضرور پیش آئیں گی میڈیا اور شائقین بھی پریشان کرنے کی کوشش کریں گے، اگر تمام کھلاڑی اپنی توجہ صرف اور صرف کھیل پر مرکوز کریں پھر کوئی بھی پریشانی ہماری جیت کے آڑے نہیں آسکتی، انگلینڈ سے کامیابی حاصل کرنا ناممکن نہیں قومی ٹیم کوصرف حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے اور جیت کے لئے پوری قوم کو اپنے کھلاڑیوں پر یقین رکھنا ہوگا۔