اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) نازی جرمن دور میں آشوِٹس کے اذیتی کیمپ کے سابق محافظ کو پونے دو لاکھ انسانوں کے قتل میں معاونت کے الزام میں پانچ سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 94 سالہ رائن ہولڈ ہیننگ ہٹلر دور میں ایس ایس دستوں کا ایک گارڈ تھا۔ گزشتہ روز ایک جرمن عدالت نے اسے آشوِٹس کے اذیتی کیمپ میں قتل عام کے طویل عرصے تک رونما ہونے والے بہت سے واقعات کا معاون مجرم قرار دیتے ہوئے یہ سزا سنائی۔آشوِٹس (Auschwitz) کا اذیتی کیمپ نازیوں نے مقبوضہ پولینڈ میں قائم کر رکھا تھا جہاں مبینہ طور پر لاکھوں انسانوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔ اِس وقت 94 سالہ رائن ہولڈ ہیننِگ کو یہ سزا اسی کیمپ میں ایک لاکھ ستر ہزار انسانوں کا معاون قاتل ثابت ہو جانے پر سنائی گئی ہے۔اس مقدمے کی چار ماہ تک جاری رہنے والی سماعت کے دوران متعدد گواہوں کی طرف سے اْن واقعات کی تفصیلات بیان کی گئیں ، جو عشروں پہلے اسی نازی اذیتی کیمپ میں قید رہ چکے تھے۔