اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا دورہ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی بیٹنگ تجربہ کار ہے اور یہ دورہ ٹیم کے لیے تاریخی ثابت ہوسکتا ہے ٗانگلینڈ کے خلاف سیریز ہمارا پہلا ہدف ہے ٗ تمام تر توجہ اسی سیریز پر مرکوز ہے ٗعامر بہترین باؤلر ہیں ٗ امید ہے توقعات پر پورا اترینگے۔ ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہاکہ ناقدین کے بجائے ان کی پوری توجہ اپنی کارکردگی پر ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز ہمارا پہلا ہدف ہے اس لیے تمام تر توجہ اسی سیریز پر مرکوز ہے۔کپتان مصباح الحق نے کہاکہ عامر بہترین باؤلر ہیں اور امید ہے وہ توقعات پر پورا اتریں گے۔مصباح الحق کے مطابق انگلینڈ کا دورہ چیلنج ضرور ہے مگر 2010 کے مقابلے میں اس دفعہ ان کی بیٹنگ خاصی تجربہ کار ہے جس کا ٹیم کو فائدہ ہو گا۔انھوں نے متحدہ عرب امارات والی کارکردگی کو دہرانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ انگلینڈ کے خلاف امارات والی کارکردگی کو دہرائیں گے۔مصباح نے کہاکہ سیریز میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کافی اہم کردار ادا کریں گے۔مصباح نے کہا کہ انگلینڈ کے فاسٹ باؤلرز کا مقابلہ کرنا ہماری ٹیم کا سب سے بڑا امتحان ہوگا اور وہاں کی تیز وکٹوں پر باؤلرز کے خلاف سخت ڈسپلن سے بیٹنگ کرنا ہوگی۔مصباح الحق نے کہاکہ انگلینڈ کا دورہ بڑا چیلنج ہوتا ہے لیکن پچھلے ایک ماہ سے بھرپور تیاری کی ہے اور یہ دورہ انفرادی اور ٹیم دونوں کے لیے تاریخی ہوسکتا ہے۔