لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کے خیال میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کیلئے سب سے بڑا چیلنج جیمز اینڈرسن کی بولنگ ہوگی۔ایک انٹرویو میں رمیز راجہ نے کہاکہ اینڈرسن کی سری لنکا کے خلاف شاندار بولنگ دیکھنے کے بعد یہی لگتا ہے کہ پاکستانی بیٹنگ بھی دباؤ میں رہے گی۔پاکستانی بیٹسمینوں کو اینڈرسن کے خلاف موثر حکمت عملی بنانی ہوگی۔رمیز راجہ نے کہاکہ پاکستان کی بیٹنگ تکنیکی بنیادوں پر محدود ہے ایسی صورت میں بیٹسمینوں کو اپنی حکمت عملی اور سوچ کے ذریعے کچھ کرنا ہوگا ٗآج کل کی کرکٹ میں رنز کی رفتار نہیں روکی جاتی ٗبیٹسمین سنگلز لیتے رہتے ہیں اور جہاں موقع ملتا ہے باؤنڈری لگادیتے ہیں ٗپاکستانی بیٹسمینوں کو دفاعی خول میں بند نہیں ہونا چاہیے اور اپنی مرضی سے کھیلنا ہوگارمیز راجہ نے اظہرعلی سے اوپننگ کرانے کی تجویز کے بارے میں کہا کہ سیریز کا آغاز ریگولر اوپنرز سے کیا جائے اور اگر وہ ناکام ہوجاتے ہیں تو پھر اظہر علی کی طرف دیکھنا چاہیے۔رمیز راجہ نے کہاکہ ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے رنز بہت ضروری ہیں ٗاگر بیٹنگ چل گئی تو یہ بہت بڑا بونس ہوگا ٗرمیز راجہ کے خیال میں اس سیریز میں یاسر شاہ کا کردار بہت اہم ہوگا۔رمیز راجہ نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کے بارے میں کہا کہ اب حکام یہ چاہتے ہیں کہ وہ کھیلیں تو مینجمنٹ کو ان سے بات کرنی ہوگی اور انھیں بتانا ہوگا کہ حالات کے لحاظ سے آپ کی کیا ذمہ داری بنتی ہے تاکہ ٹیم پر ان کی وجہ سے موجود دباؤ بٹ سکے۔