لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے سابق کپتان اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے انڈین کرکٹر ویرات کوہلی کو سچن تندولکر سے بہتر بیٹسمین قرار دیدیا یہ بات انھوں نے انڈیا کے اخبار کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہی۔ عمران نے کہاکہ میں نے جن کھلاڑیوں کو دیکھا ہے ان میں ویرات کوہلی جامع ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔انھوں نے کہاکہ کرکٹ میں مختلف ادوار گزرے ہیں ٗ 80 کی دہائی میں ووین رچرڈز تھے، پھر برائن لارا اور سچن تندولکر نمایاں رہے۔‘عمران کے مطابق اب ویرات کوہلی ہیں۔ انھوں نے کہا: ’وہ بہت با صلاحیت ہیں۔ وہ دونوں پیروں پر کھیلتے ہیں اور وہ میدان کے ہر کونے میں شاٹ کھیل سکتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ ان کی صلاحیت اور تکنیک سے قطع نظر ان کا مزاج بہت عمدہ ہے ٗ ان کا مزاج سچن سے بہتر ہے۔ کوہلی مشکل موقعوں پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں ٗ ایسے بعض موقعوں پر سچن ایسا نہیں کر پاتے تھے۔خیال رہے کہ سچن کے پاس کرکٹ کے بہت سے ریکارڈ ہیں اور ایک بار انھوں نے کہا تھا کہ کوہلی میں ان ریکارڈز کو توڑنے کی صلاحیت ہے۔عمران خان خود اپنے زمانے کے تیز بولروں اور آل راؤنڈرز کے مقابلے میں رہتے تھے اور ان کا مقابلہ اس زمانے میں ڈینس للی، ایان بوتھم، رچرڈ ہیڈلی اور کپل دیو سے کیا جاتا تھا ٗعمران خان انڈیا اور پاکستان کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ دیکھنے کیلئے کولکتہ پہنچے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ پاکستان کو شکست کھاتے ہوئے دیکھنا بہت تکلیف دہ تھا لیکن کوہلی نے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔انھوں نے کہاکہ میں بلے بازوں کو بولر کی نظر سے دیکھتا ہوں اور یہ سوچتا ہوں کہ انھیں کیسے آؤٹ کیا جائے۔ ذرا غور کریں کوہلی مشکل حالات میں کیسے کھیلتا ہے۔ وہ کسی سے بھی بہتر ہے۔ میں کہوں گا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اس وقت بہترین ہے۔ آپ ان پر کسی میچ میں بھی بھروسہ کر سکتے ہیں۔اس سے قبل عمران خان نے مارچ میں عمر اکمل کے بارے میں کہا تھا کہ ان میں وہ صلاحیت کہ وہ کوہلی کا مقابلہ کر سکیں اور انھیں بیٹنگ آرڈر میں مزید اوپر کھیلنا چاہیے۔