لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ میں محمد عامر کیلئے خصوصی ضابطہ اخلاق تیار کرکے ٹیم انتظامیہ کو بجھوا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلر کے لیے بنائے گئے خصوصی ضابط اخلاق کے مطابق انہیں برطانوی میڈیا سے دور رکھا جائیگا اور کسی بھی قسم کے انٹرویوز پر پابندی عائدہوگی، نوجوان فاسٹ باؤلر پر انگلینڈ میں کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کرنے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق محمد عامر نے نیا ضابطہ اخلاق قبول کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرادی ہے ، انہوں نے دورہ انگلینڈ کے لیے ویزے کے حصو ل میں مدد کرنے پر پی سی بی حکام کا شکریہ بھی اداکیا۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے 23سالہ فاسٹ باؤ لر کو دورے میں صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی ہے۔یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 18جون کو انگلینڈ کے دورے پر روانہ ہورہی ہے اور دونوں ٹیمو ں کے مابین پہلا مقابلہ 14جولائی کو کھیلا جائے گا۔