لاہور(آن لائن) افغانستان نے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس کو ہیڈ کوچ کے عہدے کی پیشکش کردی تاہم وہ اسے قبول کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔افغانستان بورڈ نے انضمام الحق کے جاب چھوڑنے کے بعد اس ذمہ داری کیلیے درخواستیں طلب کی تھیں، اس بارے میں افغان بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں دنیا کے مختلف ممالک سے اچھا رسپانس ملا، ہم یہ ذمہ داری بہترین شخص کے سپرد کرنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سابق کوچ وقار یونس کو ہیڈ کوچ کی پیش کش کی لیکن پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار یہ عہدہ قبول کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔واضح رہے کہ چند روز قبل متحدہ عرب امارات کے سابق کوچ عاقب جاوید نے بھی بنگلا دیش کی جانب سے ہیڈ کوچ کی پیش کش مسترد کر دی تھی۔