لاہور (آن لائن) انگلینڈ کیخلاف حساس سیریز کو فیملی ٹور بنانے کی اجازت نہیں ہوگی، قومی کرکٹرز صرف 2 ٹیسٹ میچز کیلیے اپنی بیگمات کو ساتھ لے جاسکیں گے، کنڈیشننگ کیمپ، ون ڈے اور ٹوئنٹی سیریز میں کسی کو بلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔تفصیلات کے مطابق عام طور پر طویل ٹورز میں قومی کرکٹرز اپنی فیملیز کو بھی بلا لیتے ہیں تاہم انگلینڈ کے حساس دورے اور توجہ بٹ جانے کے خدشات کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار محدود اجازت دی گئی ہے، پی سی بی کی جانب سے کہا گیاکہ بیوی، بچوں کو پورے ٹور پر ساتھ نہیں رکھا جاسکتا، کھلاڑی اپنی بیگمات کو صرف 2 ٹیسٹ میچز کیلیے ساتھ لے جاسکتے ہیں لیکن ون ڈے اور ٹوئنٹی 20سیریز میں کسی کو بھی اہل خانہ کیساتھ وقت گزارنے کا موقع نہیں دیا جائیگا، بورڈ نے چیف سلیکٹر انضمام اور کپتان مصباح کی تجویز پر انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے 13 سے 14 روزہ کیمپ ہیمپشائر کے روز باؤل گراؤنڈ میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس پر50 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ ہوگی،کھلاڑیوں کو ایک ہاسٹل میں رہائش اختیار کرنا پڑیگی، اس وجہ سے بیگمات کا ٹریننگ کے دوران شوہروں کے ساتھ رہنا غیر مناسب ہوگا،کنڈیشننگ کیمپ کے اختتام پر پاکستانی اسکواڈ اپنے ٹور کا باضابطہ آغاز کریگا، وارم اپ میچز شروع ہونے کیساتھ ہی انگلش بورڈ گرین کیپس کی میزبانی کی ذمہ داریاں اور اخراجات کا بوجھ اٹھالے گا۔