لارڈز(این این آئی)انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ (آج) جمعرات سے لارڈزلندن میں شروع ہوگا۔ ۔ تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم نے آئی لینڈرز کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 88 رنز ٗ دوسرے ٹیسٹ میں باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف شیڈول سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کیلئے فاتح سکواڈ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ٗ ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں مسلسل فتوحات کے بعد انگلینڈ نے آخری ٹیسٹ کیلئے بھی بارہ رکنی فاتح سکواڈ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تاہم سٹیون فن کی جگہ ناٹنگھم شائر کے فاسٹ باؤلر جیک بال کو موقع دینے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے اور واحد ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ سری لنکن ٹیم اسی دوران 16 اور 18 جون کو آئرلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔ ادھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز ایلسٹر کک نے کہا کہ آئی لینڈرز کے خلاف تیسرے اور آخری میچ کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے اور مہمان ٹیم کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دیکر تین میچوں کی سریز 3-0 سے اپنے نام کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی لینڈرز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے مسلسل کامیابیوں سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جو مہمان ٹیم کے خلاف آخری میچ میں ہمارے لئے مفید ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ ٹیم نے سری لنکن ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے دونوں میچوں میں کھیل کے ہر شعبے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔ انگلینڈ نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 88 رنز سے شکست دی تھی ٗ دوسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ٗ انہوں نے کہا کہ وہ آخری میچ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔